بلال یاسین کی زیر صدارت اجلاس،عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے انتظامات کا جائزہ
لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی زیر صدارت ایڈمنسٹریٹر آفس داتا دربار میں حضرت الشیخ السید ابو الحسن علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش کے 972 ویں سالانہ عرس کی تقریبات شایان شان طریقہ سے منانے کے لئے سکیورٹی معاملات ودیگر انتظامات کے بارے جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ عرس مبارک پر زائرین کی کثیر تعداد کی آمد پر دربار شریف کے ارد گرد کے علاقوں میں پولیس فورس اور رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد کو تعینات کیا جائے گا۔ٹریفک کے بہائو کو جاری رکھنے کے لئے دربار کے قریب تمام راستوں میں ناجائز تجاوزات کو فوری آپریشن کے ذریعے ہٹایا جائے گا۔ زائرین کے لئے میو ہسپتال اور داتا دربار ہسپتال سے طبی کیمپ لگائے جائیں۔صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ سبیل کو چیک کرنے کے لئے محکمہ فوڈ اتھارٹی کا عملہ دودھ،پانی اور لنگر کی کوالٹی کو چیک کرے گا جبکہ سرکاری سطح پر تیار کیا جانے والا لنگر بھی چیک کیا جائے گا۔ دربار کے داخلی راستوں پر واک تھروگیٹس اور میٹل ڈی ٹیکٹرز،پولیس اور رضاکاروں کو فراہم کر دئیے جائیں گے تاکہ کڑی نگرانی ہو سکے۔