سیکرٹری مواصلات کی معذرت پر پی اے سی نے انکے خلاف تحریک استحقاق نبٹا دی

22 نومبر 2009
اسلام آباد (ثناءنیوز) وفاقی سیکرٹری مواصلات شریف احمد خان کی معذرت پر ان کے خلاف پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی تحریک استحقاق کو نمٹا دیا گیا ہے۔ تاہم پی اے سی نے مواصلات بالخصوص اس کے ماتحت ادارے این ایچ اے کی کارکردگی کو انتہائی ناقص قرار دیتے ہوئے عید کے بعد این ایچ اے کے حسابات کے بارے میں خصوصی آڈٹ رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کو پی اے سی کے چیئرمین چودھری نثار علی خان کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری مواصلات کو پی اے سی کے اراکین کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے پر کمیٹی میں طلب کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز پی اے سی کے اجلاس میں سیکرٹری مواصلات نے اپنے روئیے پر معافی مانگ لی۔ چیئرمین پی اے سی چودھری نثار علی خان نے کہا کہ وزارت مواصلات کی کارکردگی بہتر نہیں ہے۔ رویہ بھی درست نہیں ہے۔ ہم مالی امور میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ مواصلات کے حکام اپنے روئیے کو بہتر بنائیں اور ہوم ورک کر کے آیا کریں۔ عید کے بعد این ایچ اے کے معاملات کی جانچ پڑتال کی جائیگی۔ پی اے سی نے اس بارے میں خصوصی آڈٹ رپورٹ طلب کی ہے۔
پی اے سی