غلام مصطفی جتوئی کی میت کل کراچی پہنچے گی‘ نوشہرو فیروز میں سپرد خاک کیا جائیگا

22 نومبر 2009
کراچی (جی این آئی) سابق نگراں وزیراعظم غلام مصطفی جتوئی کی میت پیر کی صبح کراچی پہنچے گی اور انہیں نیو جتوئی نوشہرو فیروز میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ ضلع ناظم نوشہرو فیروز نے پیر کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔ کراچی میں ان کی رہائش گاہ جتوئی ہائوس میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور دوست احباب مرحوم کے صاحبزادے آصف مصطفی جتوئی سے تعزیت کیلئے پہنچے ۔ سیاسی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ غلام مصطفی جتوئی انتہائی ملنسار اور ہردلعزیز شخصیت تھے اور ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔ صدر‘ وزیراعظم سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور دیگر رہنمائوں نے انکے انتقال پر انکے بیٹوں سے تعزیت کی ہے جبکہ سینئر سیاستدان کے انتقال پر سندھ میں سرکاری سطح پر تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔ ین پی پی پی کے چیئرمین غلام مصطفی جتوئی کے جانشین کا انتخاب ان کے سوئم کے بعد ہوگا۔ این پی پی کے ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا ہے کہ نئے چیئرمین کا انتخاب ایف پی پی کی مرکزی مجلس عاملہ کرے گی جس کا اجلاس طلب کیا جارہاہے۔