صارفین کی اکثریت چینی 55 روپے فی کلو خریدنے پر مجبور

22 نومبر 2009
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں اگرچہ چینی کی مانگ میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن صارفین کی اکثریت کو پرچون سطح پر 40 روپے کلو والی چینی اور یوٹیلٹی سٹورز پر 38 روپے کلو والی چینی نہیں مل رہی اور وہ مجبوراً کمرشل ریٹ پر 55 روپے کلو والی چینی خرید رہے ہیں۔ صارفین کی اکثریت نوکری پیش ہے اور وہ 40 روپے والی چینی کے حصول کے لئے لائنوں میں نہیں کھڑے ہو سکتے۔ ضلعی حکومت لاہور میں 2 ہزار دکانوں پر 40 روپے کلو والی چینی سپلائی کر رہی ہے جبکہ باقی 48 ہزار دکانداروں کی اکثریت تھوک مارکیٹ سے کمرشل ریٹ پر چینی خرید کر لوگوں کو فروخت کر رہے ہیں لاہور کریانہ اینڈ جنرل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر راو محمد اکرم نے رابطہ کر کے تصدیق کی کہ 40 روپے والی چینی لاہور میں صرف 2 ہزار دکانوں پر فراہم کی جا رہی ہے جبکہ باقی 48 ہزار دکاندار کمرشل چینی خرید کر اپنی دکانوں پر فروخت کر رہے ہیں۔