ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ : محمد سجاد کی فتوحات کا سلسلہ جاری‘ ناک آئوٹ مرحلے کا پہلا میچ جیت لیا

22 نومبر 2009
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستانی کیوسٹ محمد سجاد کا ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے ناک آؤٹ مرحلے میں چائنیز تائپے کے چی ہوا ہوانگ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد ہرا دیا۔ محمد سجاد ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں اب تک کھیلے جانے والے میچوں میں ناقابل شکست ہیں۔ ہفتہ کو بھارت کے شہر حیدر آباد دکن میں جاری ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان کے محمد سجاد کا مقابلہ چائنیز تائپے کے چی ہوا ہوانگ سے تھا اور محمد سجاد نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو بالکل بے بس کر دیا اور یکطرہ مقابلے کے بعد سٹریٹ سیٹس میں 61-51،49-14،95-10 اور 65-24 سے ہرا دیا۔ میچ میں کامیابی کے بعد محمد سجاد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیمپئن شپ کے آئندہ میچوں میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔