دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی ٹیم کا اعلان نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز کے بعد کیا جائے گا : اقبال قاسم

22 نومبر 2009
لاہور (نیٹ نیوز) سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اقبال قاسم نے کہا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی کارکردگی دیکھ کر مڈل آرڈر بلے باز مصباح الحق کو نیوزی لینڈ بھیجا جائیگا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اقبال قاسم نے کہا کہ مصباح الحق کا نام ٹیسٹ سیریز کیلئے زیرغور ہے تاہم نامکمل سفری دستاویزات کی بناء پر ان کی پہلے ٹیسٹ میں شرکت ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود نیوزی لینڈ نہیں جا رہے۔ پلیئنگ الیون کا انتخاب کپتان اور کوچ سے ٹیلیفون پر مشاورت سے کیا جائیگا۔ چیف سلیکٹر نے بتایا کہ دورہ ٔ آسٹریلیا کیلئے قومی ٹیم کا اعلان نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز کے بعد کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ میں اگلے برس کے اوائل میں ہونیوالے جونیئر ورلڈکپ کیلئے 30 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست بورڈ کو جمع کرا دی ہے تاکہ آئی سی سی کو بھجوائی جا سکے۔