وزیراعظم سے سگریٹس اور مشروبات پر اضافی ٹیکس لگانے کا مطالبہ
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)سوسائٹی فار پروٹیکشن آف دی رائٹ آف دی چلڈرن نے وزیراعظم عمران خان سے سگریٹس اور مشروبات پر اضافی ٹیکس لگانے کا مطالبہ کر دیا،بچوں کے حقوق کے تحفظ کی تنظیم سپارک کا کہنا ہے کہ سگریٹس اور مشروبات پر اضافی ٹیکس لگا کر حکومت سالانہ 50 ارب روپے ٹیکس محصولات میں اضافہ کر سکتی ہے،سپارک کے زیر اہتمام تمباکو مصنوعات پر اضافی ٹیکس لگا کر کوویڈ 19 کے وبائی مرض سے نمٹنے کے کیے صحت کے نظام کو بہتر بنانے کے عنوان سے آن لائن بحث کا انعقاد کرایا،مباحثے میں حصہ لینے والے افراد نے وزیر اعظم عمران خان کی توجہ سگریٹس پر 10 روپے فی پیکٹ اور مشروبات پر 1 روپے کے اضافی ٹیکس کو نافذ کرنے کے وفاقی کابینہ کے منظور کردہ فیصلے کی طرف مبذول کرائی جو آج تک زیر التوا ہیں۔پاکستان میں تمباکو سے پاک بچوں کی مہم کے نمائندے ملک عمران احمد کا کہنا تھا پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے فنڈز کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت سے سگریٹس اور شوگر ڈرنکس پر اضافی ٹیکس لگانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا اس طرح حکومت کو 50 ارب روپے حاصل ہو سکتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ٹیکسوں کے مکمل نفاذ سے 50 ارب روپے کی آمدنی ہوسکتی ہے جس سے طبی عملے کے لئے حفاظتی سازوسامان(پی پی ای) اور درکار ٹیسٹنگ کٹس خریدنے میں مدد مل سکتی ہے۔