کلر سیداں اور دوبیرن کلاں کے ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کو بند کرنے کا فیصلہ
کلر سیداں (نامہ نگار )فوجی فاؤنڈیشن نے کلر سیداں اور دوبیرن کلاں میں 24برس سے چلنے والے ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کو 31 مئی سے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سنٹرز میں استعمال ہونے والی سلائی مشینوں کی مقامی سطح پر نیلامی کی جائے گی ،عملے نے سنٹرز میں استعمال ہونے والے دیگر سامان کی پیکنگ شروع کر دی ہے جو 24 مئی تک ہیڈ آفس منتقل کر دیا جائے گا۔سنٹرز کی بندش سے نہ صرف تربیت یافتہ عملے اور دیگر اسٹاف جبکہ طالبات میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق کلر سیداں اور دوبیرن کلاں میں 1986 سے چلنے والے ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دہئے گئے ہیں۔ووکیشنل سنٹر کلر سیداں میں اس وقت پانچ کے قریب خواتین اساتذہ علاقہ کی بچیوں کو ہنر مند بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی تھیں۔یاد رہے کہ ادارہ میں ڈرافٹنگ،کٹنگ،ٹیلرنگ سمیت ڈریس ڈیزائنگ،بیوٹیشن کورس،فلاور میکنگ،گلاس پنٹنگ ،سرامک ورک،ربن ایمبرائیڈری،ہینڈ/مشین ایمبرائیڈ ری،ویکس ورک،فیبرک ورک اور زرعی طلہ/اڈاو رک ،کروشیا ورک،مہندی،کوکنگ،کمپیوٹر جیسے دیگر شارٹ کورسز کی فنی تعلیم دی جا رہی تھی۔ادارے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شارٹ کورس کی مد میں زیر تربیت طالبات سے حاصل ہونے والی 4/5 لاکھ روپے کی سالانہ ٹیوشن فیس آمدن کا ذریعہ تھی۔والدین نے ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کی بندش پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔