بھاری ’مک مکا‘ محکمہ مال مری کے افسران نے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں
مری (نامہ نگار خصوصی) بھاری ’مک مکا‘ کے نتیجے میں محکمہ مال مری کے افسران نے قانون کی دھجیاں بکھیر تے ہوے دو جائیدادوں کی رجسٹریاں اسلام آباد میں جا کر کیں ۔ اس طرح نائب تحصیلدار وسب رجسٹرار مری نے پیر کی رات تقریباً 11 بجے کمپیوٹر آپریٹر کے ہمراہ اسلام آبا دمیں جاکر ایک نوابزارے کی دورجسٹریاں خلاف قانون کیں حالانکہ کسی بھی مجبوری کی صورت میں اگر خریدار یاخریدنے والا کسی وجہ سے متعلقہ دفتر میں نہ آسکے تو ایک کمیشن مقرر کیاجاتا ہے جس کی سرکاری فیس ہوتی ہے۔ اس طرح نائب تحصیلدارکے اس غیر قانونی عمل سے حکومت کے خزانے کو بھی نقصان پہنچایا ہے ۔ ادھرمری میں گزشتہ کئی ماہ سے تحصیلدار کی تعیناتی نہ ہوسکی جس کے باعث سب رجسٹرا ر کا چارج بھی نائب تحصیلدارکے پاس تھا۔ اب مری میںمستنصر گل کے بطور تحصیلدار مری احکامات جاری ہوچکے ہیں لیکن تاحال ان کو اس کا چارج نہیں دیاگیا ۔عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تحصیلدار کو چارج دیاجائے اور نائب تحصیلدار کے خلاف قانون کی خلاف ورزی کرنے اور کرپشن کرنے پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے،عوامی حلقوں نے مری کے منتخب نمائندوں ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی اور ممبر پنجاب اسمبلی میجر(ر)لطاسب ستی سے بھی اس سلسلہ میں فوری ایکشن لینے کامطالبہ کیاہے۔