قومی حلقہ 184کی عذرداری کی سماعت مزید شہادتوں کیلئے 28 مئی تک ملتوی
ملتان (سپیشل رپورٹر) ہائیکورٹ ملتان کے الیکشن ٹربیونل نے سابق ممبر قومی اسمبلی کی جانب سے حلقہ 184کے انتخابات کے نتائج کیخلاف انتخابی عذرداری کی سماعت مزید شہادتوں کے لئے 28 مئی تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔ فاضل عدالت میں سابق ایم این اے جمشید احمد دستی نے حلقہ 184 سے جیتنے والے امیدوار ایم این اے نوابزادہ افتخار احمد خان کیخلاف انتخابی عذرداری کی درخواست دائر کی تھی کہ انتخابات دھاندلی کے ذریعے جیتے گئے ہیں لہٰذا حلقہ میں دوبارہ انتخابات کروائے جائیں۔ سماعت کے موقع پر سابق ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دھاندلی کے خلاف کیس کیا ہوا ہے۔ نوابزادہ افتخار احمد 84 لاکھ روپے کے ڈیفالٹر بھی ہیں جبکہ یہ بات انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کی۔ انہوں نے حقائق چھپائے ہیں لہٰذا ان کی نااہلی بنتی ہے پھر بھی عدالت جو فیصلہ دے گی قبول کریں گے۔