تھل ایکسپریس کی چار اکانومی کلاس کوچز پٹڑی سے اتر گئیں
ملتان (نمائندہ خصوصی)راولپنڈی سے ملتان آنے والی تھل ایکسپریس کی چار اکانومی کلاس کوچز الووالی سٹیشن سے روانہ ہوتے ہی پٹڑی سے اتر گئیں۔ یہ واقعہ دن اڑھائی بجے کے قریب پیش آیا کہ جب ٹرین الووالی سٹیشن لوپ لائن سے نکل رہی تھی کہ اچانک اس کی 4 اکانومی کلاس کی کوچز پٹڑی سے اتر گئیں۔ اس اطلاع پر ریلوے افسران کی دوڑیں لگ گئیں تاہم کندیاں سٹیشن سے ریلیف ٹرین منگوا کر کوچز کو 2 گھنٹے کی کشمکش کے بعد پٹڑی پر چڑھا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حادثہ کانٹے کی خرابی کے باعث پیش آیا تاہم ڈی ایس ملتان امیر محمد داؤد پوتا سمیت ڈویڑنل افسران موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے اپنی نگرانی میں تھل ایکسپریس کو روانہ کیا۔ اس حادثے کے باعث ٹرین مجموعی طور پر ساڑھے 3 گھنٹے بعد روانہ کیا گیا۔ ادھر ملتان سٹیشن پر ٹرین کے انتظار میں کھڑے راولپنڈی کے مسافروں میں پریشانی پائی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین رات 10 بجے راولپنڈی کے لئے روانہ کی جائے گی