یوریا کھاد سکینڈل کے مرکزی ملزم کی درخواست ضمانت خارج
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے کروڑوں روپے کی یوریا کھاد سکینڈل کے مرکزی ملزم انعام الدین کی درخواست ضمانت خارج کردی ، جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم نے جعلی کمپنیاں بنا کر جعلی ٹھیکے لیے۔ اس پر ملزم کے وکیل کی سپریم کورٹ میں انوکھی منطق اپناتے ہوئے کہاکہ ہیر پھیر کے وقت ملزم انعام الدین بیرون ملک تھا، انعام الدین کے باپ نے اسکے جعلی سائن کیے اور کمپنیاں بنائیں،اس پر جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ آپ کہنا چاہتے ہیں مجھے چھوڑ دو میرے باپ کو پکڑ لو،اس پر وکیل نے کہاکہ باپ نے دو نمبری کی ہے تو سزا بیٹے کو کیوں مل رہی ہے؟ جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ آپ دراصل اپنے باپ کو گرفتار کرانا چاہتے ہیں، پراسیکیوٹر نیب نے بتایا کہ ملزم انعام الدین کھاد سکینڈل کا مرکزی کردار ہے۔جس پر عدالت نے درخواست خارج کردی۔