کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ ایم کیو ایم لندن کے 2ٹارگٹ کلرز گرفتار
کراچی(صباح نیوز) سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے ایم کیوایم لندن کے دو ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیے، رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے مشکوک افراد اور گھروں کی تلاشی لی۔تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کراچی میں خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرکے دو ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیے اس حوالے سے سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتارملزمان کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے۔ملزمان کی شناخت عاقب گولڈن اور عامربھیا کے نام سے ہوئی، عاقب گولڈن ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردوں کو اسلحہ فراہمی میں ملوث ہے، ایس پی سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم عامر بھیا ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ہے، ملزم عامر بھیا، تاج محمد اور محمد آصف کو قتل کرچکا ہے، اس کے علاوہ ملزم عامربھیا جلاؤ گھیراؤ کی وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔اس کے علاوہ رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے مشکوک افراد اورگھروں کی تلاشی لی، ذرائع کے مطابق مذکورہ آپریشن لائنزایریا، شارع قائدین اور پریڈی اسٹریٹ کے علاقوں میں کیا گیا۔ آپریشن میں12رینجرز کی گاڑیاں اور موٹر سائیکل سوار اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔آپریشن کے دوران مشکوک افراد اور مشکوک گھروں کی تلاشی لی گئی، اس موقع پر مخصوص مقامات کے داخلی وخارجی راستے بند کردیے گئے۔ علاوہ ازیں پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے گلبہار، حاجی مرید گوٹھ میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا، پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیریمیں لے کر گھر گھر تلاشی لی، ایس ایس پی عارف اسلم سرچ آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔