سندھ حکومت کا مکروہ چہرہ جلد عوام کے سامنے لائیں گے:خرم شیر زمان
کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ بہت جلد پیپلز پارٹی کی اقرباء پروری اور سندھ کے عوام کے پیسے میں سے کی گئی کرپشن کی قلعی کھولیں گے۔ پیپلز پارٹی کو سندھ کے غریب عوام کا پیسہ لوٹ کار فرار نہیں ہونے دیں گے۔ سندھ کے عوام آج بھوک ،پیاس اور مفلسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں لیکن سندھ حکومت کو کبھی ان کے حال پر رحم نہیں آیا۔ یہ باتیں انہوں نے کراچی کابینہ کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ آئندہ سچند دنوں میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے لائیں گے۔سندھ کے ڈاکوئوں کو کہیں بھاگنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ مسٹر ٹین پرسنٹ سے لے کر کیس نمبر 420تک کا سفر آصف زرداری کو ساری زندگی یاد رہے گا۔ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف احتجاج کرنا ان چوروں اور لٹیروں کے بس کی بات نہیں۔ ابو بچائو افطار پارٹی میں پورے ملک کے چووروں اور لٹیروں کا اکھٹا کر کے بلاول یہ نہ سمجھیں کہ وہ اپنے والد کی کرپشن پر پردہ ڈال دیں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت میں ادارے آزادی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ آخری چور کے پکڑے جانے تک احتساب کا عمل کسی صورت نہیں رکے گا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی بھلائی اور خوشحالی کے لئے مشکل فیصلے لئے ہیں ۔ پاکستان کی عوام وزیر اعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں اور انشاء اللہ آنے والا وقت ثابت کرے گا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں ہی پاکستان صرف ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔