ڈالرکی اونچی اڑان حکومت کی ناقص پالیسیوں کانتیجہ ہے:محنتی
کراچی(نیوزرپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ڈالر کی اونچی اڑان اور روپے کی بے قدری حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے جس سے مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا،عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے اور غریب کو ریلیف دینے کی دعویدار پی ٹی آئی کی حکومت کے ظالمانہ اقدامات نے غریب آدمی کا جینا مشکل بنادیا ہے،قرآن وسنت کا نظام ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ جماعت اسلامی کی دیانتدار ومخلص قیادت ہی ملک کو بحران اور قوم کو مسائل سے نجات دلاسکتی ہے،سابق میئر عبدالستار افغانی،نعمت اللہ خان سے لیکر سابق سینئر وزیر کے پی کے سینیٹر سراج الحق کا کردار اور کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے مقامی ہوٹل میں سینئر صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ، نائب امیرحافظ نصراللہ عزیزاور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ڈالر 153روپے ہوجانے کی وجہ سے نہ صرف مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا بلکہ بیرونی قرضہ بھی 9سور ارب روپے بڑھ جائے گا،موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں اور کھوکھلے دعووں کی وجہ سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے،یہی وجہ ہے کہ سابقہ حکومتوں کے برعکس پی ٹی آئی کی حکومت دس ماہ کے تھوڑے عرصے میں ہی غیر مقبول اور عوامی اعتماد کھوچکی ہے،ایک طرف ریاست مدینہ کی بات کی جاتی ہے تو دوسری طرف سودی معیشت ،قادیانی نوازی سے لیکر اسلامی اقدار کو مسخ کرنے کی پالیسیوں نے ان کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔اس کے باوجود جماعت اسلامی موجودہ حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے کے حق میں ہے،اپوزیشن کو تحریک چلائے بغیرحکومت خود ہی اپنے عوام دشمن اقدامات کی وجہ سے غیر مقبول ہورہی ہے۔