پولیس افسروں واہلکاروں کی جدید خطوط پر تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے: آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ جدید پولیسنگ کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے پولیس افسران واہلکاروں کی جدید خطوط پر پیشہ ورانہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے جسے یقینی بنانے کیلئے پنجاب پولیس اپنے ٹریننگ سسٹم کی اپ گریڈیشن کیساتھ ساتھ دیگر ناموراداروں کے ساتھ تعاون اور اشتراک کو یقینی بنار ہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے ساتھ دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے پنجاب پولیس کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزیدکہا کہ یونیورسٹی کے ساتھ ہونے والا ایم اویو جہاں فارنزک سائنس کے حوالے سے پنجاب پولیس کے انویسٹی گیشن افسران کی استعداد کار میں مزید اضافے کا باعث بنے گا وہیں ٹریفک پولیس کو لائف کٹس کے استعمال کی تربیت اور فراہمی شاہراہوں پر سفر کرنے والے شہریوں کو ہارٹ اٹیک کی صورت میں بروقت امداد فراہم کرکے انکی جان بچانے میں انتہائی معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم او یو کے تحت انویسٹی گیشن افسران کو نہ صرف کرائم سین سے شواہد جمع کرنے کے ساتھ انہیں محفوظ بنانے کے متعلق خصوصی تربیت دی جائے گی ۔