الیکشن کمشن کے 2 ممبران کی عدم تعیناتی ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور(وقائع نگار خصوصی)الیکشن کمشن پاکستان کے دو ممبران کی عدم تعیناتی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست میں ممبران کی تقرری مکمل کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمشن کے سندھ اور بلوچستان کے ممبران 28 جنوری کو ریٹائر ہوئے جبکہ آئین کے تحت حکومت نے 45 دن کے اندر نئے ممبران کی تعیناتی کرنا ہوتی ہے لیکن 12 مارچ کو مدت ختم ہوگئی ابھی تک وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت نہیں کی جس سے الیکشن کمشن کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی بھی غیر فعال ہے، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت حکومت کو سندھ اور بلوچستان کے ممبران کی تعیناتی کا حکم دے کر وزیراعظم کو اپوزیشن لیڈر سے مشاورت مکمل کرنے کا حکم دے۔