عمران خان نے وعدوں کے برعکس آئی ایم ایف کی غلامی اختیار کر لی:شاہ اویس نورانی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے وعدوں کے برعکس آئی ایم ایف کی غلامی اختیار کر لی ہے۔ عید قربان سے پہلے حکومت کی قربانی ہو گی۔ عیدالفطر کے بعد حکومت کیخلاف میدان لگے گا۔ حکومت مخالف تحریک چلانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ جعلی حکومت کا خاتمہ ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ نئے الیکشن ناگزیر ہو چکے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے آٹھ مہینوں میں ملک کو آئی سی یو میں پہنچا دیا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں احتجاجی تحریک چلانے پر متفق ہیں۔ تبدیلی سرکار کا ہر دن پاکستان کیلئے بھاری ثابت ہو رہا ہے۔ عمران خان اپنے وعدے پورے نہیں کر سکا۔ موجودہ کٹھ پتلی حکومت عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے آٹھ ماہ میں پاکستان کو مسائلستان بنا دیا ہے۔ عمران خان کی 80 فیصد کابینہ جنرل مشرف اور پیپلز پارٹی کے وزراء پر مشتمل ہے۔ بیت الرضوان میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ حکومت نے احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا تماشا لگایا ہوا ہے۔