بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ ومارٹر گولہ باری سے ایک شہری شہید ،دو زخمی، رینجرز کا منہ توڑ جواب
سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کے چاروا، ہرپال ،چپراڑاور ظفر وال سیکٹروں پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ ومارٹر گولہ باری کی وجہ سے ایک شہری شہید اور دو شہری زخمی ہوگئے جبکہ چناب رینجرز نے بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا ۔ بھارتی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ ومارٹر گولہ باری سے ورکنگ باؤنڈری لائن کے گاؤں سریال کے ستر سالہ اسلم سردار شہید ہوئے جبکہ گاؤں ملانا کے تیس سالہ ناصر بوٹا اور دوسرے گاؤں کے امجد شدید زخمی ہوئے ، زخمیوں کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں علاج معالجہ جاری ہے ۔ بھارتی سیکورٹی فورسز کی فائرنگ ومارٹر گولہ باری کا سلسلہ رات کو شروع ہوا تھا جوکہ وقفہ وقفہ سے رات بھر اور دن کو بھی جاری رہا ۔ گاؤں عمرانوانی میں بھارتی فائرنگ سے دوبچے زخمی ہوئے جبکہ مارٹرگولہ باری سے ورکنگ باؤنڈری لائن پر واقع پاکستانی درجنوں گھروں کو جزوی نقصان پہنچااور درجنوں مویشی بھی ہلاک وزخمی ہوئے ۔ بھارتی سیکورٹی فورسز نے چارواہ ، نجوال ، ہرپال ، باجرہ گڑھی، معراجکے سمیت متعددیہات کو نشانہ بنایااور بھارتی گولیاں لوگوں کے گھروں کو لگیں اور مارٹر گولے چھتوں اور صحن میں گرے تاہم دیہات خالی ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہ ہوا کیونکہ ہزاروں مکین اپنے بیوی اور بچوں ومویشیوں کو لے کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں ۔چناب رینجرز کی طرف سے بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا گیا ۔