ملتان و نواح میں دھواں چھوڑتی کھٹارہ گاڑیاں، ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ، شہری بیماریوں میں مبتلا
ملتان (سماجی رپورٹر) شہر اور گرد و نواخ میں دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے بارے میں شہریوں نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسی کے باعث شہری خوار ہو رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس محکمہ ماحولیات اور انتظامیہ منتھلی لے کر خاموش ہے۔ کھٹرہ گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار حاجی محمد صدیق، غلام فرید اور محمد اشفاق نے نوائے وقت موبائل فورم میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک انتظامیہ ان کے روٹس پرمٹ کینسل نہیں کرے گی۔ اس وقت تک بھیانک صورت حال کا سامنا رہے گا۔ مسافر بھی ان کھٹارہ گاڑیوں پر سفر کرنا چھوڑ دیں۔ مقصود، محمد عمران اور عقیل نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے لئے کوئی قانون نہ ہونے کے باعث شہریوں کی زندگیاں دائو پر لگی ہوئی ہیں۔ انتظامیہ شہریوں کو بنیادی سہولتیں دینے میں ناکام ہو چکی ہیں۔ قانون پر عمل درآمد کرانے والے ادارے بھی بے بس ہو گئے ہیں۔ اشفاق عتیق اور محمد معاویہ نے کہا ہے کہ دھواں چھوڑتی کھٹارہ گاڑیوں کے بے ہنگم شور کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کے ساتھ شہری کان کی دیگر بیماریوں کے علاوہ بہرہ پن کا بھی شکار ہو رہے ہیں۔ اسی طرح فضائی آلودگی کے باعث گرمی کی شدت میں بھی روز بروز خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ محکمہ ماحولیات اور دیگر ادارے بھی کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔