نشتر میں زکوٰۃ فنڈز ختم‘ غریب و مستحق مریضوں کو مفت علاج اور ادویہ کیلئے مشکلات
ملتان (وقائع نگار خصوصی) نشتر ہسپتال میں زکوٰۃ فنڈز گزشتہ کئی ہفتوں سے ختم ہیں جسکے باعث غریب و مستحق مریضوں کو مفت علاج و ادویات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے نشتر ہسپتال کو سہ ماہی بنیادوں پر زکوٰۃ فنڈز دئے جاتے ہیں جو کینسر‘ دل و جگر‘ گردے و دیگر امراض کے مریضوں کو مفت علاج و ادویات کی فراہمی پر خرچ ہوتے ہیں۔ نشتر انتظامیہ کے مطابق زکوٰۃ فنڈز کے حصول کیلئے متعلقہ حکام کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔