ریکارڈ ٹمپرنگ کے الزام میں اہلکار کی گرفتاری‘ نقول اور رجسٹری برانچ میں ہڑتال جاری
ملتان (نیوز رپورٹر) گلگشت میں عالم شیر قتل کیس میں ڈی سی آفس کے اہلکار کی گرفتاری کے مسئلہ پر ایپکا ڈی سی آفس یونٹ کی ہڑتال جاری ہے گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران تالہ بندی اور ہڑتال کی وجہ سے نقول برانچز اور رجسٹری برانچ کے تمام امور ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔ رجسٹری برانچ کے اہلکاروں کی ہڑتال کی وجہ سے جہاں ایک طرف سینکڑوں سائلین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں منتقلی جائیداد پر وصول ہونے والے سرکاری محاصل کی ریکوری کا عمل بھی ٹھپ ہو چکا ہے۔ تفصیل کے مطابق گلگشت پولیس نے عالم شیر قتل کیس میں ڈی سی آفس کے اہلکار محمد شاہد کو ریکارڈ ٹمپرنگ کے الزام میں حراست میں لے رکھا ہے۔ ملزم کا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے 15روزہ ریمانڈ بھی حاصل کرلیا۔ محمد شاہد کی گرفتاری پر ایپکا نے فوری طور پر احتجاجی اجلاس بلایا اور غیرمعینہ مدت کے لئے ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ ایپکا کے اعلان کے دوسرے ہی دن ڈی سی آفس کی اردو‘ انگلش‘ کالونی برانچز‘ ضلعی محافظ خانہ اور جسٹری برانچ ملتان کینٹ اور سٹی کے اہلکار تالے لگا کر ہڑتال پر چلے گئے۔ گزشتہ 7روز سے ڈی سی آفس میں سرکاری امور بری طرح متاثر ہیں۔ رجسٹری برانچ کے اہلکاروں کی ہڑتال کی وجہ سے سینکڑوں سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان متاثرین کو آئے روز نئی تاریخ دیکر رخصت کر دیا جاتا ہے۔