زکریا یونیورسٹی‘ ذہین طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب اراکین اسمبلی شریک
ملتان (نمائندہ نوائے وقت )بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں گزشتہ روز ہونہار طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں وفاقی وزیر آبی وسائل جاوید علی شاہ اوراراکین اسمبلی حاجی احسان الدین قریشی، سید مہدی عباس لنگاہ، خولہ امجد، ڈائریکٹر کالجز حیدر رضا گردیزی اور ایس ایس پی آپریشنز سیف اللہ خٹک و دیگر افسران بھی شریک تھے جبکہ لیپ ٹاپ لینے کے لئے,2015 2016اور 2017میں پاس ہونے والے 35سو سے زائد طلباء کو لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے اور یہ تقاریب مسلسل 3روز تک جاری رہیں گی۔ بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں گزشتہ روز لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے طلباء کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا کہ ہمارے ذہین طلباء ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں گارڈ آف آنر دینا ان کی حوصلہ افزائی اور قابلیت کو داد دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7۔ارب روپے کی خطیر رقم سے لیپ ٹاپ تقسیم کے چوتھے مرحلے کا آغاز کیا گیا ہے اور میرٹ پر طلباء کو لیپ ٹاپ دئیے جارہے ہیں جو اِن کے لئے باعث اعزاز ہے۔ ہم ان کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔مزید براں ستعلیمی بورڈ ملتان میں بھی پہلے روز میٹرک سالانہ امتحان 2015ء میں 90 فیصد سے زائد نمبرز لینے والے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے جہاں بدنظمی کے باعث طلباء و طالبات اور انکے والدین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے کمشنر ملتان سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔