پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سیاسی جماعتوں کی وکٹیں گرانے کا سلسلہ جاری
سرگودھا سے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئیں۔ چارسدہ سے رکن صوبائی اسمبلی خالد خان بھی قومی وطن پارٹی سے ناطہ توڑ کر پی ٹی آئی کے قافلے میں شامل ہوگئے۔ شجاع آباد سے سابق رکن صوبائی اسمبلی رانا سہیل نون بھی کپتان سے آ ملے۔ شمولیت اختیار کرنےوالی شخصیات کی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔ سینئرپارٹی رہنما جہانگیرترین، شمالی پنجاب کے صدر عامرکیانی اورخیبر پختونخواہ سے فضل خان بھی ملاقوں میں موجود تھے۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم این اے عاشق گوپانگ نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق سردارعاشق گوپانگ کل عمران خان سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ سردار عاشق آج ن لیگ سے علیحدگی کا اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ عاشق گوپانگ این اے ایک سو اسی مظفرگڑھ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں نے پارٹی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے شمولیت اختیار کرنے والی شخصیات کا خیر مقدم کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔