رمضان المبارک کی برکتیں
مکرمی! نیکیوں اور سعادتوں کا مہینہ رمضان المبارک جس کی برکتوں سے مساجد کی رونقیں بڑھ گئی ہیں۔ اس ماہ میں اللہ پاک رزق میں اضافہ فرماتے ہیں۔اللہ کے رسول ﷺ فرماتے ہیںکہ یہ برکتوں ، سعادتوں، مغفرتوں کا مہینہ ہے۔ جس میں جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور دوزخ کے دروازے بند کردئیے جاتے ہیں۔ شیاطین کو جکڑدیاجاتاہے۔ اس مہینے میں تہجدکی نماز کے زیادہ مواقع ہوتے ہیں ۔ ہر سُو عبادات کے دورے ہوتے ہیں۔ اس مہینے میں قرآن نازل ہوا تھا۔ اس لیے تراویح میں قرآن پاک پڑھا جاتا ہے۔ اس ماہ میں ہر گھر سے تلاوتِ قرآن کی آوازیں بلند ہوتی ہیں۔ صاحبِ زکوٰة دل کھول کر لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ کیونکہ یہ ا نفاق کا مہینہ بھی ہے ۔ اس لیے اس ماہ میں زکوٰة اپنے رشتہ داروں ، غریب غربا میں تقسیم کی جاتی ہے۔ جیسے رمضان جسم کی طہارت اور پاکی کا ذریعہ ہے ویسے ہی زکوٰة مال کی طہارت اور پاکی کا ذریعہ ہے۔ اس مہینے میں اللہ رب العزت ہر انسان کا رزق بڑھا دیتے ہیں ۔ مسلمان اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ افطار پارٹیوں کا اہتمام کرتے ہیں۔ اللہ کی شان ہے کہ اُس نے روزہ دار کے لیے اس ماہ میں بہت بڑا اجر رکھاہے۔جنت کے دروازوں میں سے ایک دروازہ ہے جس کا نام باب الریّان ہے جس سے صرف روزے داروں کو گزرنے کا موقع ملے گا۔ پھر اللہ تعالیٰ کا ارشاد بھی ہے کہ روزہ صرف میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا اجر دوں گا۔ اس لیے روزے دار کے لیے پردہ بھی ہے کہ وہ روزے سے ہے یا نہیں اس کا معاملہ روزے داراور اللہ کے درمیان ہوتا ہے ۔ وہی جانتا ہے کہ کون روزے سے ہے اور کون نہیں، اس ماہ میں تمام عبادتوں کا اجر کئی گنا بڑھا کر دیا جاتاہے۔ مثلاً نوافل کا ثواب فرائض کے برابر اور فرائض کا ثواب سترگنا بڑھا دیا جاتاہے۔ گھر گھر میں حفاظِ کرام تراویح کا اہتمام کرتے ہیں۔ پھر اسی ماہ مبارک میںآخری عشرہ میں لوگ اعتکاف کی سعادت بھی حاصل کرتے ہیں۔ پھررمضان کی تمام ترعبادات کے انعام کے طورپر اللہ تعالیٰ روزے داروں کوایک خوشی عطاءکرتے ہیں جو عیدالفطر کی خوشی ہے۔ (شیخ امتیاز احمد لاہور)