عمران خان حکومت اور ملک کا ٹائم ضائع کر رہے ہیں‘ سکندر بوسن

22 مئی 2016

ملتان (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر فوڈ اینڈ سکیورٹی حاجی سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کا ڈرامہ فلاپ ہو چکا ہے۔ عمران خان حکومت اور ملک کا ٹائم ضائع کر رہے ہیں۔ پاک اکنامک چائنہ کوریڈور سمیت ملک ترقی و خوشحالی کے منصوبے عمران خان کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے متاثر ہو رہے ہیں لیکن قوم اب عمران خان کی باتوں میں آنے والی نہیں۔ یوسی چیئرمین ارشد میٹ کی رہائش گاہ آمد پر ان سے ملاقات کرتے ہوئے وفاقی وزیر فوڈ اینڈ سکیورٹی حاجی سکندر حیات بوسن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ملکی ترقی و خوشحالی کے تمام منصوبے وقت پر مکمل کرے گی۔ گرلز ڈگری کالج کی منظوری قاسم بیلہ اور نواب پور کی عوام کے لئے تحفہ ہے۔ این اے 151 میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ کسانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔