”یہ امریکہ ہے“ بد بخت نے مسلمان خاتون کا حجاب نوچ لیا

22 مئی 2016

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکی پرواز کے اندر ایک بدبخت انگریز نے ”یہ امریکہ ہے“ کا نعرہ لگاتے ہوئے مسلمان خاتون کا حجاب نوچ لیا۔ دسمبر میں ہونیوالے اس واقعہ کا انکشاف جمعہ کے روز عدالتی دستاویزات سے ہوا۔ نیومیکسیکو کی فیڈرل کورٹ نے 37 سالہ گل پارکر پینے کو نفرت پھیلانے اور مسلمان خاتون کی اپنے دین پر عمل کرنے کی آزادی میں زبردستی رکاوٹ ڈالنے کا مجرم قرار دیا ہے۔ پینے نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ساﺅتھ ویسٹ ائرلائنز کی شکاگو سے نیومیکسیکو کی پرواز میں 11 دسمبر 2015ءکو مسلمان خاتون کو حجاب پہنے دیکھا اور پھر اسکا حجاب نوچ لیا تھا۔ پراسیکیوٹر نے خاتون کا نام صرف کے اے کے طور پر ظاہر کیا ہے۔ ملزم نے معاہدے کی درخواست میں 2 ماہ کی نظربندی کا مطالبہ کیا ہے۔ عدالت نے معاہدے کو منظور کرلیا ہے تاہم باضابطہ سزا سنائے جانے کیلئے ہونیوالی سماعت میں ملزم کی سزا کے دورانیے کا معلوم ہوسکے گا۔
امریکہ/ خاتون حجاب