پاکستان رواں سال 600 افغان طلباء کو وظائف دے گا: سفیر

22 مئی 2016

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان چھ سو افغان طلبہ کو پاکستان میں تعلیم کے حصول کے لئے سکالر شپ دے گا۔ یہ طلبہ سال رواں کے دوران تعلیم کے حصول کے لئے پاکستان آئیں گے۔ یہ بات افغانستان میں پاکستان کے سفیر سید ابرار حسین نے کابل میں پاکستانی سفارت خانہ میں منعقدہ ایک تقریب میں بتائی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ یہ وظائف وزیر اعظم سکالر شپ سیکٹر کے تحت دئیے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں تعلیم کے حصول کے لئے آنے والے افغان طلبہ کے لئے ایک الوداعی تقریب پاکستانی سفارت خانہ میں منعقد ہوئی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں تعلیم کے فروغ اورمعاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان بلخ میں لیاقت علی خان انجینئرنگ یونیورسٹی تعمیر کر رہا ہے۔ ننگرہار یونیورسٹی میں سرسید پوسٹ گریجویٹ فیکلٹی برائے سائنس اور کابل یونیورسٹی میں علامہ اقبال فیکلٹی آف آرٹس تعمیر کر رہا ہے۔ پاکستانی سفیر نے بتایا کہ اب تک 35 ہزار سے زیادہ افغان طلبہ پاکستان میں تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔