برسلز حملوں کے خود کش بمبار کے بھائی مراد نے یورپین تائیکوانڈو چیمپئن شپ جیت لی‘ بیلجیئم اولمپکس سکواڈ میں بھی شامل

22 مئی 2016

برسلز(سپورٹس ڈیسک) بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں رواں برس مارچ میں ہونیوالے حملوں کے ایک خودکش بمبار کے بھائی مراد لاکھراوئی نے یورپین تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیت لیا ہے اور اب وہ برازیل اولمپکس گیمز میں بیلجیئم کی طرف سے کھیلنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ مراد کا 24 سالہ بڑا بھائی نجیم ان 2 حملہ آوروں میں سے ایک تھا، جنہوں نے رواں برس 22 مارچ کو برسلز ائرپورٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔ برسلز ائرپورٹ سمیت میٹرو سٹیشنز پر ہونے والے ان دھماکوں میں 35 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 21 سالہ مراد کا نام رواں برس 5 اگست سے شروع ہونیوالے ریوڈی جنیرو گیمز کیلئے بیلجیئم کے 185 افراد پر مشتمل سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جہاں وہ انڈر 58 کلوگرام کی کیٹگری کیلئے مقابلہ کریں گے۔ گذشتہ روز مراد نے سوئٹرزلینڈ میں انڈر 54 کلوگرام کی کیٹگری میں سونے کا تمغہ جیتا جس کے بعد تائیکوانڈو فیڈریشن نے انہیں اپنے ٹوئٹر پیغام میں لائٹ ویٹ میں یورپ کے بادشاہ کا خطاب دیا۔