سٹاک مارکیٹ تیز، ایک ہفتے میں سرمایہ کاری78 ارب31 کروڑ روپے بڑھ گئی

22 مئی 2016
سٹاک مارکیٹ تیز، ایک ہفتے میں سرمایہ کاری78 ارب31 کروڑ روپے بڑھ گئی

کراچی (مارکیٹ رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں گزشتہ ہفتے کے دوران شدید اتار چڑھائو کے بعد تیزی پر 100 انڈیکس 571.01 پوائنٹس اضافہ پر 36693.50 پربند رہا۔ ہفتے کے دوران سرمایہ کاری مالیت میں78 ارب 31 کروڑ روپے سے زائد اضافہ رہا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے دوران مقامی وغیرملکی سرمایہ کاروں کی مخصوص حصص کی خریداری میں دلچسپی‘ شرح سود کے متعلق واضح صورتحال نہ آنے پر سرمایہ کاروں نے حصص کی خریداری میں محتاط رویہ اختیار کرنے اوراگلے ہفتے تیزی کی توقعات کے باعث سرمایہ کاروں نے فیول انرجی‘ آئل وگیس‘ سیمنٹ سمیت بیشتر حصص کی زائد خریداری کرکے اسے اگلے ہفتے کی تیزی پر حاصل کرلئے جس کے نتیجے میں ہفتے کے دوران 100 انڈیکس 571.01 پوائنٹس اضافہ پر 36693.50 کی ریکارڈ حد حاصل کرلی ۔ ہفتے کے دوران مارکیٹ میں سرگرم حصص کا دائرہ کار 1852 کمپنیوں تک رہا۔ جس میں 942 کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ‘798 کمپنیوں کی قیمتوں میں کمی اور112کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ہفتے کے دوران مجموعی مارکیٹ سرمایہ کاری میں 78 ارب 31 کروڑ 85 لاکھ 52 ہزار519 روپے کا اضافہ رہا جبکہ مجموعی سرمایہ کاری 74 کھرب 82 ارب 19کروڑ 42لاکھ 53ہزار 402 روپے ہوگئی ۔ ہفتے کے دوران کاروباری سرگرمی 60 کروڑ حصص سے زائد رہی اور مجموعی سودوں میں ایک ارب 62 کروڑ 70 لاکھ 87 ہزار270حصص کے کاروبار میں زائد لین دین ریکارڈ رہا۔ ہفتے کے دوران مارکیٹ میں پورے ہفتے تیزی رہی۔