گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا ادراک ہے، جلد حل کرینگے: کمشنر
لاہور(خبر نگار) حکومت پنجاب گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا ادراک رکھتی ہے اور لاہور انتظامیہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی طرف سے پیش کردہ تمام شکایات کا جائزہ لے کر سنجیدگی سے حل کرے گی۔ غیر قانونی چالانوں کی شکایات کا ایس پی ٹریفک ہیڈکوارٹر جائزہ لیں گے جبکہ ٹرک اڈا بادامی باغ کے لیے سیوریج کی صورت حال کے لیے رپورٹ تین دن میں پیش کی جائے گی۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین چوہدری مختار کی زیر قیادت وفد کے ساتھ کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پولیس و ٹریفک پولیس، واسا، ایل ڈی اے کے افسران کے علاوہ ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا لاہور نے بھی شرکت کی۔