باغبانپورہ میں ریٹائرڈ ریلوے ملازم قتل، فیروز والا: وکیل نے مخالف کو مار ڈالا
لاہور + فیروزوالا (نامہ نگاران) باغبانپورہ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ریٹائرڈ ریلوے ملازم کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ فیروزوالا میں وکیل نے فائرنگ کر کے بھرے بازار میں مخالف کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق 68سالہ مبارک علی ریلوے کا ریٹائرڈ ملازم اور مدینہ کالونی میں مقیم تھا۔جسے نامعلوم افراد نے مسجد جاتے ہوئے راستے میںگولی مارکر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ قصبہ فیض پور خورد میں سابقہ عداوت کی بناء پر وکیل نے فائرنگ کرکے بھرے بازار میں اپنے مخالف کو قتل کر دیا۔ علم کالونی (بیگم کوٹ) کا رہائشی حاجی عمران احمد اپنی بیوی اور رشتہ داروں کے ہمراہ فیض پور میں رشتہ داری فوتیدگی پر فاتحہ خوانی کے لئے گئے۔ وہاں سے فارغ ہو کر بازار سے گزر رہے تھے کہ مخالف وکیل وسیم نے ساتھی کی مدد سے اسے بازار میں روک کر دھمکی دی کہ اب تم بچ نہیں جاؤ گے۔ جس پر فائرنگ کرکے اسے موقع پر ہلاک کر دیا۔ ملزمان فرار ہو گئے۔ ایک اطلاع کے مطابق مقتول کا ملزم وسیم کے باپ سے کچھ عرصہ قبل جھگڑا ہوا تھا۔ جس کے رنج پر اسے قتل کر دیا گیا۔