وارڈنز کی عدم توجہ، ٹریفک کا مسئلہ گھمبیر صورتحال اختیار کر گیا

22 مئی 2016

لاہور(نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت لاہور میں وارڈنز کی نااہلی و عدم دلچسپی کے باعث ٹریفک کا مسئلہ گھمبیر صورتحال اختیار کر گیا ہے۔گزشتہ روزشہر کی تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا بد ترین جام ہو گیااور لوگ گھنٹوں جام ٹریفک میں پھنسے رہے،،راوی پل پر چار میٹرو بسیں بھی جام ٹریفک میں دو گھنٹے پھنسی رہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز تمام اہم شاہراہوں پر ٹریفک گھنٹوں جام رہی جبکہ وارڈنز ٹریفک کو چلانے کی بجائے سڑکوں سے غائب ہو گئے۔ اورنج ٹرین سسٹم کی تعمیر کی وجہ سے پہلے ہی شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے ۔ شہر کی تمام اہم سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیںجبکہ مریضوں کولے کر جانے والی ایمبولینسز بھی ٹریفک میں پھنسی نظر آئیں ۔گزشتہ روز ،بتی چوک ،راوی روڈ سے شاہدرہ تک،جیل روڈ،کینال روڑ، شاہراہ قائداعظم، شارع فاطمہ جناح، لوئر مال ،ریلوے سٹیشن سمیت شہر کی دیگر اہم شاہراہوں میں بد ترین ٹریفک جام رہی اورشہری گھنٹوں جام ٹریفک میں پھنسے رہے ۔