ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم جنوبی پنجاب، اندورن سندھ اور بلوچستان کے چند ایک مقامات بدستور گرمی کی لپیٹ میں ہیں

گزشتہ روز کشمیر ،گلگت بلتستان ،ہزارہ ،راولپنڈی اسلام آباد ڈویژنز کے علاوہ پنجاب کے اکثر شہروں میں بارش، ژالہ باری اور آندھی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقے مغربی ہواؤں کےزیر اثر ہیں۔ شمالی پنجاب میں آئندہ چوبیس سے چھتیس گھنٹے کےدوران تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ ملتان میں بارش کے باوجود آج موسم گرم ہے۔ دوپہربارہ بجے تک ریکارڈ کئے گئے درجہ حرارت کے مطابق فیصل آباد تیس،ملتان چونتیس، لاہور،کوئٹہ ،راولپنڈی بتیس،بہاولپور اڑتیس، ڈی جی خان چونتیس، رحیم یارخان انتالیس،گوادر اکتالیس ،حیدرآبار سینتیس،نواب شاہ چالیس ، سکھر سینتیس اور تربت میں پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔