شرقپورشریف (نامہ نگار )درخت لگانا نیکی کا کام ہے۔ہر شخص کی یہ ذاتی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک پودا لگائے۔ حکومت پنجاب کا مقصد خوشگوار ماحول برقرار رکھ کر نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔پچھلی حکومتوں نے پنجاب میں سموگ پر قابو پانے کے لیے کوئی عملی کام نہیں کیا اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو نہ پانے کے باعث آدھا پنجاب سموگ کی زد میں رہا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے سموگ کو کنٹرول کے لیے محکموں کو ایک پلیٹ پر اکٹھا کیا ۔ سموگ کنٹرول کرنے کے لیے 5 ارب روپے کی لاگت سے کاشتکاروں کو 5 ہزار سپر سیڈرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت و لائیوسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیرِ اہتمام شرقپورشریف میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ وزیر زراعت و لائیو اسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور ملک صہیب احمد بھرتھ اور رانا طاہر اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پیر اشرف رسول اور عطیہ افتخار ‘ طاہر ظفر عباس،شاہد عمران مارتھ، بلال شیخ، انعم اکرم‘ جاوید چوہان نے شرکت کی۔
پنجاب حکومت کا مقصد نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنانا ہے: سید عاشق حسین
Mar 22, 2025