لاپتہ افراد کے کیسز کی فہرست مرتب کرنے کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت 27اپریل تک ملتوی کردی ہے ۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھٹو نے ریمارکس دیئے کہ تمام لاپتہ افراد کے کیسز کی فہرست مرتب کی جائے۔ لاپتہ افراد کے بنیادی حقوق کا معاملہ ہے۔سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ لاپتہ افراد کے اہلخانہ عدالت میں غم سے نڈھال ہوگئے، عدالت سے لاپتہ افراد بازیاب کرانے کی دہائیاں دیتے رہے۔ اہلخانہ نے کہا کہ عبدالرحمان کو دو ہزار پندرہ میں لیاری سے حراست میں لیا گیا۔ عبد الرحمان ایک بزرگ تھے کسی گینگ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر عدالت کا بڑا حکم دیدیا۔ عدالت نے سندھ ہائی کورٹ آفس کو فہرست مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھٹو نے ریمارکس دیئے کہ تمام لاپتہ افراد کے کیسز کی فہرست مرتب کی جائے۔ لاپتہ افراد کے بنیادی حقوق کا معاملہ ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں بہت سی درخواستیں زیر سماعت ہیں۔ عدالت نے فہرست آئی جی سندھ، سیکریٹری، حراستی مراکز کو ارسال کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے حراستی مراکز میں کتنے لاپتہ افراد کو رکھا گیا۔ ایس ایس پی انوسٹیگیشن نے بتایا کہ 20 جے آئی ٹیز ہوچکیں۔ سیکریٹری داخلہ کی رپورٹ آنا باقی ہے۔ حراستی مراکز سے رپورٹس آنے کے بعد جمع کرا دی جائے گی۔ عدالت نے سماعت 27 اپریل تک ملتوی کردی۔