نوجوان کھلاڑیوں کیلئے پر فارم کرنے کا بڑا اچھا موقع ہے:ہیڈ کوچ عبد الرحمان

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عبدالرحمان نے کہا ہے کہ میں 15 برس سے کوچنگ کر رہا ہوں، کوچنگ میری جاب ہے، عمر گل اور محمد یوسف بڑے نام ہیں ہم مل کر کام کریں گے کوئی کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کرےگا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی کوچنگ خواب ہوتا ہے، میرے لئے عزت اور اعزاز کی بات ہے اور میرے لیے اچھا موقع ہے، فرق لانے کی کوشش کروں گا۔ ہمارے پاس باصلاحیت کھلاڑی ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کیلئے پرفارم کرنے کا بڑا اچھا موقع ہے، ڈومیسٹک اور پی ایس ایل میں ان کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا ہوا ہے۔ پاکستان ٹیم کا اچھا کامبی نیشن ہے، بڑے پلیئرز کو ہم مس کریں گے ان کی جگہ کھیلنے والے باصلاحیت ہیں، ہر شعبے میں شامل کھلاڑی فارم میں ہیں، تمام کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں، سب کو مل کر اچھا کھیلنا ہو گا تب ہی جیت سکیں گے۔ افغانستان کی ٹیم اچھی ہے، ان کے خلاف ہمیشہ کلوز مقابلہ ہوتا ہے، افغانستان کی بیٹنگ سے زیادہ باﺅلنگ مضبوط ہے، ہمارے بیٹرز کو پی ایس ایل کے دوران افغان باﺅلرز کو کھیلنے کا موقع ملا ہے۔ عباس آفریدی نے اچھا پرفارم کیا ہے، آئندہ بہت سیریز ہیں، وہ نظروں سے اوجھل نہیں ہیں، انہیں بھی موقع ملے گا۔ میں عبوری کوچ ہوں، میرا کردار اس سیریز کیلئے ہے، انٹرنیشنل لیول کی الگ تقاضے ہوتے ہیں میں گراس روٹ سے آیا ہوں مجھ پر دباو¿ نہیں ہے بلکہ میں بہت پرجوش ہوں، میں نے بڑے کوچز کےساتھ کام کیا ان سے سیکھنے کی ہمیشہ کوشش کی ہے۔ ملتان سلطانز میں اینڈی فلاور کےساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے، سلیکشن کمیٹی نے اپنا کام کیا جبکہ میری ذمہ داری عبوری طور پر ہے، میرا فوکس ٹیم کے کھیل پر ہے میرے پاس اس کا جواز نہیں ہے کہ مجھ سے مشاورت کی گئی ہے یا نہیں۔