ایشیا لائنز نے لیجنڈز لیگ 2023ء کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا
q
لاہور(اسپورٹس رپورٹر)قطر میں ہونے والی لیجنڈز لیگ 2023کے فائنل میں ایشیا لائنز نے ورلڈ جائنٹس کو شکست دے کر ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔قطر کے دارلحکومت دوحہ میں لیجنڈز لیگ 2023ء کے فائنل میں شاہد آفریدی کی قیادت میں ایشیا لائنز نے ورلڈ جائنٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں جائنٹس نے ٹاس جیت کر چار وکٹوں پر 147رنز بنائے، روس ٹیلر نے 32رنز بنائے جبکہ جیک کیلس نے 78رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،ہدف کے تعاقب میں ایشیا لائنز کے اوپنرز تلکا رتنے دلشان اور اپل تھرنگا کے درمیان 115رنز کی پارٹنر شپ ہوئی، دلشان نے 58اور تھرنگا نے 57رنز بنائے، محمد حفیظ اور مصباح الحق 9، 9رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ فاتح ٹیم ایشیا لائنز کی قیادت پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار آل رائونڈر شاہد آفریدی کے سپرد تھی۔ ٹوئٹر پر لیجنڈز لیگ میں ایشیا لائنز کی کپتانی کے فرائض سر انجام دینے والے شاہد آفریدی اور ٹیم نے ٹرافی کو افغانستان کے لوگوں کے نام کردیا۔ سابق کرکٹر اصغر افغان نے کپتان شاہد آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم وطنوں کیساتھ ٹرافی کے ہمراہ جشن منائیں گے۔