پراجیکٹ عمران کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ،خورشید شاہ
اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پراجیکٹ عمران کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور ہم ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کو جس صورت حال سے دوچار کر دیا تھا وہ انتہائی خطرناک تھی۔ انہوں نے کہا کہ قوم دیکھ رہی ہے کہ عمران خان اب ملک کو انتشار اور افراتفری کے ایک نئے سلسلے میں دھکیل رہا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان اور سابق عسکری قیادت کی بیان بازی سے ایک بات واضع ہے کہ عمران پراجیکٹ ایک حقیقت تھا اور اس کی کامیابی کیلئے انتہائی اہم اداروں کی ساکھ کو داو پر لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار میں لانے کیلئے ائین، حلف اور انصاف سے ماورا اقدامات کئے گئے جن کی وجہ سے آج اس ملک میں نظام حکومت، عدالتی انصاف، ادارہ جاتی کارکردگی اور پارلیمانی جمہوریت کی ساکھ پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ووٹ اور عوامی سپورٹ کیلئے جھوٹے اور گمراہ کن بیانیوں کا سہارا نہیں لے گی اور سچائی کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس کارکردگی پر بات کرنے کیلئے کچھ نہیں ہے اس لئے وہ نت نئے اسکینڈلز اور اعلانات کا سہارا لیکر عوام کو خوابوں اور خیالوں کی دنیا میں لے جانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا اگر عوام نے حقیقت کی بجائے خوابوں کا ساتھ دیا تو پھر ہمارے مستقبل کی تعمیر بھی خوابوں میں ہی ممکن ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود ہم عوام کو ریلیف دیں گے اور اس ملک کی معیشت کو تباہ کرنے والے کی طرح صرف بیانوں اور باتوں سے کام نہیں چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بہتری معیشت کی بہتری سے مشروط ہے اور موجودہ حکومت کی پوری توجہ معیشت کی بہتری پر مرکوز ہے۔