زکوٰۃ کی ادائیگی اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں شامل ہے: مقررین
لاہور(خصوصی نامہ نگار)محکمہ زکوٰۃ عشر کے زیراہتمام "نظام زکوٰۃ کی اہمیت" کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس کے مقررین نے زکوٰۃ کے اسلامی فلسفے کے حقیقی نفاذ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سروسز انسٹی ٹیوٹ فار میڈیکل سائنسز (سمز) لاہور کے آڈیٹوریم میں ہونے والی کانفرنس کی صدارت نگران وزیر زکوٰۃو عشر پنجاب بیرسٹر اظفر علی ناصر نے کی جبکہ نگران وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ ڈاکٹر جاوید اکرم اور وزیر تعلیم ڈاکٹر منصور قادر نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ سیکرٹری زکوٰۃ و عشر پنجاب میاں ابرار، ایڈمنسٹریٹر زکو پنجاب رانا سجاد بابر، علمائے کرام مولانا راغب نعیمی، مولانا یوسف خان، مولانا رمضان سیالوی بھی موجود تھے۔ مقررین نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ معاشرے کے صاحب ثروت افراد کو بھی مستحق افراد کی مدد کے لئے آگے آنا ہوگا۔ نگران وزیرزکوٰۃ و عشر پنجاب بیرسٹر اظفر علی ناصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ زکوٰۃ کی ادائیگی اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں شامل ہے۔ رمضان میں مستحق افراد کا ہاتھ تھام کر اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔