پشاور: ایف آئی اے نے موٹر وے پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی سے چوری چھپے دو بسوں میں ایران سے آئے ہوئے افراد کو پشاور منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کے شعبہ امیگریشن افسران نے موٹر وے پولیس کے ساتھ مل کر صبح سویرے کراچی سے آنے والی دو بسوں کو روکا، اسی دوران ان بسوں کی تلاشی لی گئی تو اس دوران بیس افراد کو گرفتارکیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد کو بسوں کی چھتوں پر سامان کے روپ میں چھپایا گیا تھا۔ یہ تمام افراد زائرین ہیں اور انہیں بس ڈرائیوروں نے پانچ پانچ ہزار روپے فی کس رشوت لینے کے بعد چھت کے اوپر چھپایا تھا۔حکام کے مطابق سوار افراد کے پاوں میں جوتے نہیں تھے۔
کارروائی میں دونوں بسوں کے ڈرائیوروں کو گرفتار کرتے ہوئے تمام افراد کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے اور واقعے سے متعلق مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔