مغربی کنارہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی نوجوان شہید، تعداد 4ہوگئی
بیت اللحم (صباح نیوز) اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں چیک پوائنٹ کے قریب فائرنگ کرکے ایک اور فلسطینی نوجوان کو شہیدکردیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ فلسطین کے علاقے مغربی کنارے میں فوجی چیک پوائنٹ کے قریب ایک نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا جس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق مغربی کنارے میں بیت اللحم کے مقام پر اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت 26 سالہ احمد مانسرا کے نام سے ہوئی جو بیت اللحم کے ہی گائوں وادی فقین کا رہائشی تھا جبکہ نوجوان کو 3 گولیاں ماری گئیں جو سینے، گندھے اور ہاتھ پر لگیں۔