صحت و صفائی کے پیغام کو ہر اعتبار سے آگے بڑھانا ہوگا : صدر علوی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں عورتوں کو وراثت قانون کے مطابق نہیں ملتی، اس سلسلے میں اسلامی نظریاتی کونسل کو خط لکھیں گے۔ ایک انٹرویو میں صدر مملکت نے کہا کہ ملک کے تعلیم یافتہ افراد کو یہ اندازہ ہو چکا ہے کہ کرپشن ملک کو کھا رہی ہے۔ ملک میں سول ملٹری تعلقات بہتر سطح پر ہیں اور بھارت کی طرف سے حالیہ جارحیت کی صورت میں دونوں طرف سے دانشمندانہ ردعمل کا اظہار کیا گیا۔دریں اثناء صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ لوگوں میں صحت و صفائی کا پیغام عام کرنے کے لئے سکول، مسجد و منبر اور میڈیا کا کردار بڑھانا ہو گا، نیا پاکستان اسی صورت بنے گا جب سب مل کر ہر اعتبار سے اسے آگے بڑھائیں گے۔ وہ حکومت کے صاف سبز پاکستان پروگرام میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پی اینڈ جی پاکستان اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے درمیان صاف و سبز پاکستان پروگرام کے سلسلے میں شراکت داری کے لئے ایک ایم او یو پر بھی دستخط کئے گئے۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں صحت و صفائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ احتیاط اور پرہیز علاج سے بہتر ہے کیونکہ عام امراض 46 فیصد متعدی بیماریوں پر مشتمل ہوتی ہیں جن سے صفائی ستھرائی اختیار کر کے بچائو ممکن ہے۔