پاکستان کشمیری عوام کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتا: صادق سنجرانی
اسلام آباد( این این آئی)چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتا ۔تفصیلات کے مطابق آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے سینیٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی وجہ سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہو گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔وزیر اطلاعات نے اس موقع پر چیئرمین سینٹ کو آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بتایا اور حکومت کی کارکردگی کے بارے میں مفصل بریفنگ دی جسے چیئرمین سینٹ نے بے حد سراہا۔وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ کشمیری بہادری سے ایل او سی پر ڈٹے ہوے ہیں اور اللہ کے فضل سے پاک فوج کے ہوتے ہوے ہمیں کسی قسم کا ڈر اور خوف نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج دونوں طرف سویلین آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے عزم اور حوصلے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا انہوں نے کہا کہ انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے اور پاک فوج کیساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اچھی طرح سے جان لے ہم ایک جرات مند قوم ہیں جسے کوئی ڈر اور خوف نہیں ہے۔