کراچی: عمارت میں آتشزدگی‘ جان بچانے کیلئے چھلانگ لگانے والے 2 افراد جاں بحق‘ 9 جھلس کر زخمی
کراچی (نوائے وقت نیوز) حسن سکوائر کے قریب عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں جان بچانے کی کوشش میں چھلانگ لگا کر دو افراد جاں بحق اور نو جھلس کر زخمی ہو گئے ۔ کراچی کے علاقے حسن سکوائر کے قریب یونیورسٹی روڈ پر عمارت کی بالائی منزلوں میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی ۔آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات شروع کئے تاہم اس دوران دو افراد نے جان بچانے کے لئے عمارت سے چھلانگ لگا دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے ۔انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جنبر نہ ہو سکے ۔آگ پر قابو پانے کیلئے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹروں سے بھی مدد لینا پڑی ۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں 9 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر پوری طرح قابو پا لیا گیا ہے اور بلڈنگ کو بھی مکمل طور پر خالی کر کے کولنگ کا عمل جاری ہے ۔