محمود اچکزئی نے شیری رحمان کو خطرناک عورت قرار دیدیا، پی پی رہنما کا خاموش احتجاج
اسلام آباد (آئی این پی) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے پی پی پی کی رہنما شیری رحمان کو خطرناک عورت قرار دے دیا۔ انہوں نے یہ ریمارکس خورشید شاہ کے زیر صدارت پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں دیئے۔ اجلاس میں سیکٹر4 I-11, I-12, I-1 اور I-15 کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے نے تفصیلی بریفنگ دی جسے کمیٹی نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے معاملہ کی انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا اوراس چار رکنی ذیلی کمیٹی کی سربراہی پی پی پی رہنما شیری رحمان کو سونپی گئی تاہم اس دوران کمیٹی رکن محمود خان اچکزئی نے دلچسپ جملہ بازی کی اورسی ڈی اے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے والو ہوشیار، خبردار شیری رحمان خطرناک عورت ہے جس پر شیری رحمان نے زیرلب جواب دیتے ہوئے خاموش احتجاج کیا۔