پاکستان اور روس کے مشترکہ کمشن برائے انسداد دہشت گردی کا ساتواں اجلا س
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور روس کے مشترکہ کمیشن برائے انسداد دہشت گردی کا ساتواں اجلاس یہاں دفتر خارجہ میں منعقد ہوا۔ دونوں ملکوں کے وفود نے علاقائی اور عالمی سطح پر دہشت گردی کی صورتحال، اس کے انسداد کے طریقوں، اس ضمن میں دوطرفہ تعاون سمیت ایک وسیع تر ایجنڈہ پر غور کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔روسی وفد کو دہشت گردی کی انسداد کیلئے پاکستان کے فوجی آپریشنوں اور نیشنل ایکشن پلان کے ذریعہ حاصل کی گئی کامیابیوں کے بارے مین تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ روس کے وفد نے شاندار الفاظ میںان کامیابیوں کی تعریف کی۔پاکستان اور روس دونوں نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ عراق اور شام میں شکست کے باوجود، داعش اس خطہ میں ظہور پذیر ہو کر علاقہ کے ملکوں کیلئے خطرہ بن رہی ہے جس سے نمٹنے کیلئے خطہ کے ملکوں کی مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ مشترکہ کمیشن کا ائندہ اجلاس اگلے برس ماسکو میں منعقد ہو گا۔