انتہا پسندی سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کی جائے: صدر ممنون سے مفتی اعظم مصر کی ملاقات
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے ایوان صدر میں ایک پر وقار تقریب میں ایئرچیف مجاہد انور خان کو نشان امتیاز ملٹری عطا کردیا۔اس موقع پر صدر مملکت نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کوپاک فضائیہ کی کمان سنبھالنے پر مبارک باد دی اور سربراہ نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے توقع کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں پاک فضائیہ کے معیار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوںمیں مزید اضافہ ہو گا۔ تقریب میں وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر، وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر، وزیرسیفران عبدالقادر بلوچ، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے سربراہ جنرل زبیر محمود حیات اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کے علاوہ دیگر اعلی حکام بھی شریک تھے۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کے علمائے کرام کو چاہئے کہ وہ اجنبی ثقافتی یلغار کا مقابلہ اور اسلامی ثقافت کی حفاظت کے لئے علمی سطح پر ٹھوس کام کریں تاکہ عالم انسانیت کو فکری افراتفری سے محفوظ کر کے فلاح ا ور بھلائی کے راستے پر گامزن کیا جاسکے۔ صدر مملکت نے یہ بات مفتی اعظم مصرڈاکٹر شوکی ابراہیم عبدالکریم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے اپنے وفد کے ہمراہ ایوان صدرمیں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، مصر کے سفیر احمد محمد فضل یعقوب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے معزز مہمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مفتی اعظم مصر کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت اور گہرائی پیدا کرے گا۔ دونوں برادر ملک بین الاقوامی معاملات میں ایک جیسی رائے رکھتے ہیں اور بین الاقوامی فومز پر ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کے مفکرین اور علمائے کرام کو چاہیے کہ انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے علمی انداز فکر اختیار کریں۔صدر مملکت نے اسلام کی ترویج و اشاعت کے سلسلے میں جامع الازہر کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان اور مصر کے علمائے کرام کے درمیان تبادلہ خیالات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ اس سلسلے میں جامع الازہر اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ مفتی اعظم مصرڈاکٹر شوکی ابراہیم عبدالکریم نے اس موقع پر صدر مملکت کو ترکی کے صدر جنرل عبدالفتح سیسی کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے تعلقات بہت مضبوط ہیں۔