بارش: اوکاڑہ‘ ساہیوال میں چھت گرنے اور کرنٹ لگنے سے 2 خواتین جاں بحق‘3زخمی
لاہور(کامرس رپورٹر+نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش اوکاڑہ اور ساہیوال میں مکان کی چھت اور کرنٹ لگنے سے 2 خواتین جاں بحق‘ کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ ساہوکا ونواحی علاقوں میں بارش نے میپکو کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ عوام 16 گھنٹوں سے زائد بجلی سے محروم رہے‘ پینے کا پانی تک نایاب ہوگیا۔ کئی علاقوں میں معمولی آندھی یا بارش سے پہلے ہی بجلی بند کر دی جاتی ہے جس کا دورانیہ 10گھنٹے سے زائد رکھا جاتا ہے۔ عوام آئے روز کی بجلی بندش پر شدید پریشان ہیں۔ بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ سے دکاندار طبقے کا کاروبار بھی ٹھپ ہوگیا۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ میپکو حکام لائن لاسز پر قابو پانے کیلئے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کروا رہے ہیں تاکہ اپنی ناکامی چھپا کر اعلیٰ حکام کو سب اچھا کی رپورٹیں ارسال کی جاسکیں۔ ساہیوال کے گردونواح میں تیز بارش سے رات کے وقت نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا رہا‘ سبزی وفروٹ منڈیوں میں کیچڑ اُمڈ آیا، تعفن اٹھتا رہا۔ منڈیوں میں خریدو فروخت کیلئے آنے والے مردوخواتین شدید مشکلات کا شکار رہے۔ شہریوں نے مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے صفائی کے انتظامات ناقص ہونے پر کمشنر ساہیوال سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ سیالکوٹ میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم دوبارہ سرد ہوگیا۔ ننکانہ صاحب اور اس کے گردونواح میں ہونے والی موسلادھار بارش سے لوگوں نے موسم کو خوب انجوائے کیا۔ جاتی سردی کو انجوائے کرنے کیلئے شہریوں نے سموسوں‘ پکوڑوں اور خشک میوہ جات کی دکانوں کا رخ کیا۔ گوجرانوالہ اور اس کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ دن بھر ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں جس کے باعث موسم مزید خوشگوار ہوگیا‘ لوگوں نے اللہ کا شکر ادا کیا اور خوشگوار موسم میں سموسوں‘ پکوڑوں اور اس طرح کی دیگر چٹ پٹی اشیاء سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ بھکر شہر اور گردونواح میں گزشتہ رات صبح تک وقفے وقفے سے بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ زیرکاشت چنے اور گندم کی فصل پر بارش کے اچھے اثرات بھی مرتب ہوں۔ بارش ہونے سے موسم میں پیدا تپش بھی ختم ہوگئی۔ گزشتہ روز کمالیہ شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ پیرمحل میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا‘ ٹیلی فون اور بجلی کا نظام بھی متاثر‘ جنرل بس سٹینڈ تالاب کا منظر پیش کرتا رہا۔ دوسری طرف تحصیل انتظامیہ افسران نے جنرل بس سٹینڈ سے پانی کے اخراج کے لئے کوئی بھی عملی اقدام کی زحمت تک گوارہ نہیں کی۔ مسافر جوتے ہاتھوں میں اٹھائے گاڑیوں میں سوار ہونے کیلئے تمام دن پانی سے گزرتے رہے۔ اس دوران متعدد افراد پائوں پھسل جانے کی وجہ سے زخمی بھی ہوئے۔ وہاڑی میں بارش سے گلیاں اور بازار پانی سے بھر گئے۔ چیئرمین بلدیہ سردار غلام مرتضیٰ ڈوگر کی ہدایت پر بلدیہ کا عملہ صبح سے محنت میں مصروف عمل ہے۔گزشتہ روز لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا اور سینکڑوں فیڈرز اور درجنوں گرڈز ٹرپ کر گئے ‘ بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہنے کے باعث بحالی کے کام میں تاخیر ہوئی ‘ صوبائی دارالحکومت میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریبا دو بجے کے قریب ہونے والی طوفانی بارش سے لیسکو کے 84 فیڈرز اور 9 گرڈز ٹرپ کر گئے ‘ شہر کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ گزشتہ روز دوپہر تک ہی بحالی ممکن ہو سکی بعد دوپہر ایک بار پھر ہونے والی طوفانی بارش سے 57 فیڈرز اور 7 گرڈز ٹرپ کر گئے جن کی بحالی کا کام رات گئے تک جار ی رہا ۔ دوسری جانب پنجاب و خیبرپی کے کے بیشتر علاقوں میں بارش سے ان علاقوں میں بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی ہو گئی ‘ بارش کے باعث بجلی کی بندش کے باعث متاثر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کی ضرورت ہی نہیں پڑی دیگر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا تاہم مجموعی ڈیمانڈ میں کمی کے باعث غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دوراینہ کم رکھا گیا۔اوکاڑہ کے نواحی علاقہ بصیر پور نہال مہار میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر جانے سے کمرے میں موجود دو خواتین سمیت تین افراد ملبے تلے دب گئے اس دوران مقامی افراد نے ملبہ تلے دبے افراد کو باہر نکالا ‘سولہ سالہ لڑکی صوبیہ جاں بحق ہو گئی والدہ سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے مقامی پولیس اورا نتظامیہ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے اور وقوعہ کی تحقیقات شروع کر دی ۔ ساہیوال کے نواحی محلہ کمیر میں بارش سے محمد ارشد کی بیوی ناہید اور ا سکے خاوند نے بچوں کو کمرہ کے اندر ڈالا اور بجلی کے پنکھے کی زمین پر پڑی سپلائی لائن تار ننگی ہونے سے ناہید کو بجلی کا جھٹکا لگا وہ گرگئی جسے فوری طور پر ریسکیو1122 نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوراٹر ہسپتال بیہوشی کی حالت میں پہنچایا مگر وہ دم توڑ گئی۔