دیرپا ترقی کیلئے یوتھ ڈویلپمنٹ اور ہیومن ریسورس اہم شعبے ہیں: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے پاکستان میں برطانوی ترقیاتی ادارے ’’ڈیفڈ‘‘ کی پاکستان کیلئے سربراہ جوانا ریبڈ نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور اور بالخصوص صوبہ پنجاب میں برطانیہ کے تعاون سے تعلیم اور دیگر شعبوں میں جاری منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ماڈل ٹائون میں ہونیوالی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ دیرپا ترقی کے لیے یوتھ ڈویلپمنٹ اور ہیومن ریسورس کے شعبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور پنجاب میں سکلز ڈویلپمنٹ اور فنی تربیت کے شعبوں میں برطانوی ادارے ’’ڈیفڈ‘‘ کے تعاون سے شروع ہونے والے منصوبوں سے خاطر خواہ فائدہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے بھر میں یکساں ترقی کے لیے کئی ایک اقدامات اٹھائے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ایجوکیشن سیکٹر میں بھی انقلابی تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ اپنی گفتگو میں ’’ڈیفڈ‘‘ کی سربراہ جوانا ریبڈ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ ادارہ بھی ان کی متحرک اور فعال شخصیت کا معترف ہے۔ ملاقات میں پنجاب کے لیے ’’ڈیفڈ‘‘ کی نمائندہ رتھ گراہم بھی موجود تھی۔